اوکاڑہ،22جون(اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر ضلع میں امن و امان کی صورت حال کو مثالی بنائے رکھنے، صفائی ستھرائی کے لیے فول پروف انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں اور جانوروں کے سیلز پوائنٹس پر لوگوں کی سہولت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ اوکاڑہ کے موقع پر مویشی منڈیوں کے قیام اور انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وہاب ریاض نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں خریداری کے لیے آنے والے لوگوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ، سیکیورٹی، بیٹھنے کے لیے سایہ دار جگہوں ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مویشی منڈی اور جانوروں کے 7 سیلز پوائنٹس بنائے گئےہیں، مویشی منڈیوں میں خریداری کے لیے آنے والے لوگوں اور مویشی فروخت کے لیے لانے والے بیوپاریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں 100 سے زائد پولیس اہل کار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی، پینے کے لئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی ، جانوروں کے علاج و معالجہ کے کاؤنٹرز ، ابتدائی طبی امداد کے لیے محکمہ صحت ، ریسکیو 1122 کے سٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جا چکی ہیں ۔ مویشی منڈی اور سیلز پوائنٹس پر صفائی ستھرائی ، جانوروں پر کانگو وائرس سے بچاؤ کی سپرے کے لیے ٹیمیں متحرک و فعال ہیں ۔
مشیر کھیل وہاب ریاض نے مویشی منڈیوں کے انعقاد اور انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔