اوکاڑہ،21جون( اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو معاشرہ کا کارآمد شہری بنانے کے لئے تمام سرکاری اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنا ہیں، خصوصی افراد کی معذوری کو ان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے اور اس کے لئے حکومت نے جو پالیسیاں مرتب کی ہیں ان کے ثمرآت ان تک پہنچیں گے، تمام سرکاری محکمے خصوصی افراد کے لئے مختص کوٹہ پر بھرتی کو یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کی شکایا ت کے ازالہ کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی افراد کی شکایات کے ازالہ کے لئے سوشل ویلفیئر آفس میں شکایات سیل قائم کر دیا گیا ہے، خصوصی افراد کو معلومات فراہم کرنے کے لئے واٹس ایپ گروپ بھی بنایا جا چکا ہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا کہ ضلع میں صنعتی یونٹوں میں خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں کے لئے تین فیصد کوٹہ ہے جس پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے، خصوصی افراد کی رجسٹریشن کے لئے 552 درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد ان کےمتعلقہ سرٹیفیکیٹس جاری کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خصوصی افراد کے نمائندہ محمد ابرار کی جانب سے ڈیلی ویجز ملازمین کو کم اور بروقت اجرت ادا نہ کرنے کی شکایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے ہدایت کی کہ خصوصی افراد کا استحصال کرنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان،ڈی ایچ او ڈاکٹراعجاز شاہ، خصوصی افراد کے نمائندہ محمد ابرار، چیمبر آف کامرس کے نمائندہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔