اوکاڑہ؛ ڈینگی کے عالمی دن کی مناسبت سے اوکاڑہ یونیورسٹی میں سیمینارکا انعقاد

16

اوکاڑہ،15جون (اے پی پی):ڈینگی کے عالمی دن کی مناسبت سے یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سیمینار،ریلی اور کیمپس کا معائنہ شامل تھا ۔ سیمینار میں یونیورسٹی اور ضلعی صحت اتھارٹی کے افسران نے شرکاء کو ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے علاج کے متعلق ضروری معلومات فراہم کیں اور ڈینگی کے خاتمے کےلیے مختلف تدابیر اور سفارشات پیش کیں۔ ان تقریبات کا اہتمام شعبہ زووالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلیم خان کی جانب سے کیا گیا۔

 سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کہا کہ ڈینگی بخار اس وقت سنگین چیلنج ہے اور اس کے خاتمے کےلیے معاشرے کے سب اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ آگہی، حفاظتی تدابیر اور اجتماعی کاوشوں سے ہم اس بیماری پہ قابو پانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ اوکاڑہ کے سی ای وہ ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ نے ڈینگی بخار کی علامات اور اس سے بچاؤ کےلیے اختیار کی جا نے والی احتتاطی تدابیر کا ذکر کیا اور بتایا کہ ان کا ادارہ ضلع اوکاڑہ میں ڈینگی کے خاتمے کےلیے کیا اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے ڈینگی کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت پہ زور دیا۔

ڈسٹرکٹ اینٹومولوجسٹ عبداللہ نے اس خطے سے ڈینگی کے خاتمےکے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کو کنڑول کرنے کےلیے ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کا باقاعدگی سے معائنہ کرنا چاہیے اور ڈینگی لاروا کو بروقت تلف کرنا چاہیے۔

 اسسٹنٹ دائریکٹر پیسٹ کنڑول رائے اکبر نے بتایا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ہمیں اس مسئلے کو سنجیدہ لینا ہو گا۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں اور کمیونٹی میں شعور کو بیدار کرنا ضروری ہے۔

سیمینار کے بعد ڈینگی ڈے کی مناسبت سے کیمپس میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کے بعد وائس چانسلر کی زیر نگرانی ایک ٹیم نے کیمپس کا معائنہ کیا اور جن جگہوں پہ ڈینگی لاروا پیدا ہونے کا خدشہ تھا وہاں کی مکمل صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔