اٹک؛ضلع بھرمیں دریاؤں، ندیوں اور ڈیمز وغیرہ میں نہانے پر دفعہ 144کےتحت سخت پابندی عائد

11

اٹک، 24جون(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک عدنان انجم راجہ نے کہا ہےکہ ضلع بھرمیں دریاؤں، ندیوں اور ڈیمز وغیرہ میں نہانے پر دفعہ 144کےتحت سخت پابندی عائدکر دی گئی  ہے اور ضلعی انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد کروانے کےلیے سخت ترین اقدامات کرے گی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں اس سلسلے میں اہم اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حضرو کامران اشرف،چیف آفیسر ضلع کونسل ضیاءاللہ، ضلعی ایمرجنسی آفیسراٹک علی حسنین،ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ شہری دفاع عقیل عالم خٹک اور دوسرے افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دفعہ 144 نافذ ہونے کے بعد دریائے سندھ سمیت تمام ندی نالوں ، ڈیمز اور چھوٹے دریاؤں کی سخت نگرانی عمل میں لائی جائے گی اور جوشخص بھی ان جگہوں میں نہانے کی کوشش کرے گااس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پرضلع بھرکے تمام علاقوں بالخصوص اٹک خورد کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔