کوئٹہ،21جون(اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہاہے کہ اچھے طرز حکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں اپنے تمام اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کےروز97ویں پولیس پاسنگ آوٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔اس موقع پرآئی جی پولیس عبدالخالق شیخ سمیت کمانڈنٹ ڈاکٹر فرحان زاہد اور ڈپٹی کمانڈنٹ اورنگزیب بھی انکے ہمراہ تھے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں اپنے تمام اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے محکمہ پولیس کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے سولر سسٹم کا انتظام بہت ضروری ہے۔ہمیں اپنے پولیس کے سپاہیوں پر فخر ہیں اور ہم ان کی ہر قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
گورنر نے کہاکہ شہدائے پولیس کی قربانیوں کی بدولت ہم آج امن اور آزادی کی فضامیں سانس لے رہے ہیں اور ہم شہدا پولیس کے ورثا کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گےاَمید ہے کہ آپ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور پائیدار امن کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی خدمات اسی جوش و جذبے کے ساتھ سرانجام دیتے رہیں گے۔