کوئٹہ،15جون (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن پسنی ،اورماڑہ محمد جان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحلی پٹی پر بھی بپر جوائے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں، سمندر کی لہریں بلند ہونے سے اورماڑہ میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے ۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو اے پی پی سے بات چیت کرتےہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے سمندری طو فان آج کسی بھی وقت پاکستان کے ساحل میں ٹکرائے گا ۔اس سے قبل حکومت نے گوادر ،پسنی جیونی میں الرٹ جاری کر دیا ہے ،ساحلی پٹی پر نہ صرف سمندری لہرین بلند ہو سکتی ہے بلکہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد جان نے کہا کہ بلوچستان کے سمندری حدود میں گزشتہ روز سے سمندر کی لہرین بلند ہونے سے اورماڑہ میں سمندر کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔
اطلاع ملنے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الگ جگہ پر خیمے نصب کیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو یہاں منتقل کیا جاسکے۔