بھکر،25 جون (اے پی پی ):مویشی منڈی میں ناقص انتظامات اور جانوروں کی ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے مرکزی کنٹریکٹر کو منڈی لگانے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیے اور باہر سے آئے بیوپاری حضرات اور جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے لاری اڈا کے قریب مین سیل پوائنٹ قائم کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اوان نے کمشنر محمد اجمل بھٹی کے ہمراہ مرکزی منڈی کا معائنہ کیا جہاں پر انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے اور پانی کی عدم دستیابی اور سائبان نہ ہونے کی وجہ سے متعدد جانور ہلاک ہو گئے۔جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے منڈی کے کنٹریکٹر کو مزید منڈی لگانے سے روکنے کے احکامات صادر کیے اور متبادل کے طور پر لاری اڈا کے نزدیک سیل پوائنٹ قائم کر دیے جہاں پر گورنمنٹ کی طرف سے جانوروں اور بیوپاری حضرات کے لیے وافر مقدار میں سائبان ٹینٹ اور پانی کا انتظام کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا تھا کہ انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ جانوروں کے بھی کچھ حقوق ہیں اور یہ جانور چونکہ قربانی کے لئے لائے جاتے ہیں ان کا خیال خصوصی طور پر پر بہت ضروری ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ لاری اڈا والے سیل پوائنٹ پر جانور خرید و فروخت کریں جہاں پر توقع سے زیادہ سہولیات دستیاب ہیں۔