بین الاقوامی برادری کو ہندوستان میں اسلامو فوبک اور عیسائی مخالف مہم کو روکنے کے لیے اپنا کردار اداکرنا چاہیے؛ سفیر منیر اکرم

19

نیویارک، 20جون(اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو ہندوستان میں ہندو انتہا پسندوں کی اسلامو فوبک اور عیسائی مخالف مہم کو روکنے کے لیے اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔ یہ افسوسناک ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار مشکوک جغرافیائی سیاسی مقاصد کے لیے بڑے پیمانے پر قتل و غارت اور سنگین مظالم کے ذمہ داروں کو گلے لگانے کے لیے تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔سفیر منیر اکرم نے کہا کہ نفرت انگیز تقریر، امتیازی سلوک، اختلاف، تشدد پر اکسانے، اور لوگوں، برادریوں اور قوموں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں کا بنیادی محرک اور اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ابھرنے والی نفرت، نسلی اور مذہبی عدم برداشت اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد کی کارروائیوں، خاص طور پر اسلامو فوبیا کے بے تحاشہ عروج میں مسلمانوں کی کمیونٹیز اور افراد کی بدنامی پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی قرارداد A/76/254 کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے، جس میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے۔

سفیر منیر اکرم نے کہا کہ اس سال کے شروع میں متعدد یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی گھناؤنی حرکتیں، اسلاموفوبک نفرت کی حالیہ مثالیں ہیں۔اس کے باوجود، اس طرح کی اسلامو فوبک نفرت کا بدترین مظہر ہندوستان میں ہندوتوا سے متاثر حکومت کے زیرقیادت مسلم مخالف مہم ہے جو ہندوستان کو اس کے امیر اسلامی ورثے کے تمام آثار سے “پاک” کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت انگیز تقاریر اور ہندوستان میں مسلم ‘نسل کشی’ کے مطالبات وبائی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ جینوسائڈ واچ کے سربراہ گریگوری اسٹینٹن نے ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر اور آسام اور ہندوستان کے دیگر حصوں میں نسل کشی سے خبردار کیا ہے۔

سفیر منیر اکرم نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف اس دن کی یاد میں، آئیے ہم امن، رواداری، بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دینے اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کریں اور خاص طور پر کسی بھی مذہب کی توہین کرنے اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کی کارروائیوں کو عالمی طور پر غیر قانونی قرار دیا جانا چاہیے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افراد، برادریوں اور قوموں کو نفرت انگیز تقاریر اور متعلقہ زینو فوبیا، عدم برداشت، امتیازی سلوک، منفی دقیانوسی تصورات، بدنامی، تشدد اور تشدد پر اکسانے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھاتا رہے گا۔