کوئٹہ،یکم جون (اے پی پی): وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،بلوچستان میں صنعتی زونز اور فیکٹریاں نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کے لیے تاجربرادری کے مسائل کو کلیدی بنیادون پر حل کیا جارہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تاجر برادری کے بجلی، گیس ،کسٹم ،ایف بی آر اور دیگر وفاقی محکموں کے متعلق جائز خدشات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا،بلوچستان کی ملکی وبین الاقوامی سطح پر اہمیت کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ صوبے کے دورافتادہ اضلاع میں نئے محتسب کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ،وفاقی محتسب میں 60دن کے اندر سائیلین کی شکایات کاازالہ کیا جاتا ہے ،میں ہر روز 500فیصلے سناتا ہوں،انسانی حقوق کی تنظیموں اور وکلاءبرادری کو اعتماد میں لیکر جیلوں میں قید غریب قیدیوں کے جرمانے ادا کرکے انہیں رہا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کے ادارے کے ساتھ دوستانہ ماحول میں مل بیٹھ کرعوامی مسائل حل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے 90فیصد فیصلوں پر عمل درآمد ہورہا ہے ۔وفاقی محتسب کے ادارے کے توسط سے کم لکھے پڑھے اور متوسط طبقے کے ہزاروں لوگوں کے مسائل حل کیے گئے ہیں،ہمارے ہاں عام آدمی بغیر کسی وکیل کے محض درخواست دیکر اپنی جائز شکایت کا اندراج کرواسکتا ہے ۔
وفاقی محتسب اعجاز احمدقریشی نے کہا کہ کوئٹہ کے تاجر برادری کے ساتھ دوستوں جیسا تعلق ہے۔ بجلی، گیس ،کسٹم ،ایف بی آر اور دیگر وفاقی محکموں کے متعلق ان کے جائز خدشات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،بطور چیئرمین ایکسپورٹ پروموشن بیورو میرا چیمبر آف کامرس کے دوستوں سے قریبی تعلق رہا ہے ۔
اس موقع پر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر تاجروں کو سہولیات کی فراہمی ،سوئی گیس کمپنی کے نئے گیس کنکشن پر عائد پاپندی ختم کرنے ،بوستان انڈسٹریل زون میں بجلی کی گریڈ اسٹیشن کی تعمیر اور ٹیکسز میں کمی کے متعلق تاجروں کے مطالبات وفاقی محتسب کو پیش کیے ۔
پروگرام کے اختتام پر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کو اعزازی شیلڈ پیش کیا ۔
اس موقع پر صوبائی محتسب نذر محمدبلوچ،سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی عبداللہ اچکزئی اور سینئر ایڈوائز وفاقی محتسب غلام سروربروہی دیگر بھی موجود تھے ۔