تھرپارکر؛ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جائیں ، گاڑیوں کے کرایہ کم کئیے جائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

13

تھر پارکر،06جون(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر امتیاز منگی نے ضلع کےتمام ٹرانسپورٹرز کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں دئیے گئے ریلیف کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جائیں اور فوری طور پر لوکل اور انٹر سٹی چلنے والی گاڑیوں کے کرایہ کم کئیے جائیں۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹرانسپورٹ مالکان کے ساتھ ڈی سی کانفرنس ہال مٹھی میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنجے کمار ،  سیکرٹری آر ٹی اے تھر پارکر عرفان اللہ ، ڈی ایس پی پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران سمیت ضلع بھر کے مختلف ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امتیاز منگی نے ٹرانسپورٹرز کو کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنائیں اور تمام ضروری کاغذات گاڑیوں کے ساتھ رکھیں تاکہ چیکنگ کے اوقات میں کسی قسم کا کوئی مسلہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ قانون پر عملدرآمد کر کے بہت سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے اور اگر جرم ہوگا تو قانون بھی حرکت میں آئے گا اور جرمانے بھی ہونگے۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امتیاز منگی نے کہاکہ کچھ ٹرانسپورٹرز اپنے تھوڑے سے فائدے کے لیے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں یہ عمل انتہائی افسوناک ہے اس عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو پابند کیا جائے کے وہ عوام کے اپنے رویہ میں بہتری لائیں ۔