جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گردونواح میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرا نے کے خطرات اور صفائی سے متعلق آگاہی مہم  منعقد

10

اسلام آباد،26جون  (اے پی پی):پاکستان سول ایویشن اتھارٹی نے ملک کے دیگر ہوائی اڈوں کی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گردونواح کے علاقوں میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے خطرات اور صفائی سے متعلق آگاہی مہم کا انعقاد کیاگیا ۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد عید الاضحی کے دوران قربانی کی باقیات کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ترغیب دینا ہے۔مہم کا مقصد بیداری پیدا کرنا ہے کے پرندوں کا جہازوں سے ٹکرانا بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے۔ مہم کے دوران کراچی ائرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں عوام میں معلوماتی پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور چیدہ چیدہ مقامات پر بینرز لگائے گئے اور مقامی آبادی میں ڈسپوزل بیگز بھی تقسیم کئے گئے۔ دوکانداروں، فوڈ آؤٹ لیٹ مالکان اور ہوٹل مالکان کو کھانے پینے کی اشیاء کو ٹھیک طریقے سے ٹھکانے لگانے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مقامی حکام، کمیونٹی معززین اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ ملاقاتوں میں ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے قربانی کی باقیات کو درست طریقہ سے ٹھکانے لگانے کی اہمیت اور محفوظ ہوائی سفر کے ربط کو اجاگر کیا ۔جہازوں کو پرندوں کے حوالے سے لاحق خطرات سے متعلق آگاہی مہم کو کمیونٹی کی طرف سے زبردست مثبت ردعمل ملا، لوگوں نے جناح انٹرنیشنل انتظامیہ کی پرندوں کے خطرے سے نمٹنے اور فلائٹ آپریشن کو محفوظ بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔