جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی تعمیر و ترقی میں پیدا ہونے والے خلاء کو تیزی کے ساتھ پُر کررہا ہے؛ ثاقب ظفر

22

ملتان، 20جون(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی تعمیر و ترقی میں پیدا ہونے والے خلاء کو تیزی کے ساتھ پُر کررہا ہے اور مختصرعرصے میں صحت اور تعلیم کے شعبے کے ایک درجن سے زائد میگا پراجیکٹس کو مکمل کیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے 33 ویں سینئیر منیجمنٹ کورس کے15 افسران پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کی ڈائریکٹر سٹاف نائلہ جبیں وفد کی قیادت کررہی تھیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی بھرپور مانیٹرنگ سے محکمہ صحت سمیت سرکاری اداروں کی سروس ڈیلیوری میں واضح بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ “کپاس اگاؤ” مہم کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں 43 لاکھ 45 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت مکمل کرلی گئی ہے اور اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں 10 لاکھ ایکڑ زائد رقبہ پر کپاس کاشت کی گئی ہے۔

 ثاقب ظفر نے بتایا کہ کپاس کی بھرپور پیداوار سے ملک میں معاشی انقلاب لایا جاسکتا ہے اس لئے کپاس بارے ایک وسیع ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے جس کے لئےزرعی سائنسدانوں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ وہ ادارہ ہے جہاں سب سے پہلے پیپر لیس ای فائلنگ سسٹم لانچ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو امتیاز حاصل ہےکہ پوری دنیا میں سب سے پہلے اس خطے کے سکولوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گرین بک کا اجراء کیا گیا جبکہ صبح نو اور ٹرانس جینڈر سکولز ، سٹوڈنٹس کونسل کا قیام اور سکولمپکس کا انعقاد بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قابل فخر اقدامات ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ خطے کی خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے حوالے سے اہم پیش قدمی جاری ہے،اس سلسلے میں حال ہی میں ایک ورکشاپ منعقد کی گئی جس کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ خطےکی ترقی اور غربت کےخاتمہ کےلئے  بین الاقوامی ڈیپ ڈائیو کانفرنس کی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔

 ثاقب ظفر نے مزید بتایا کہ لائیو سٹاک اور ماہی پروری کو فروغ کے لئےمتعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے مضراثرات کم کرنے کے لئے محکمہ جنگلات شجرکای کے میگا پلان پر عمل پیرا ہے ،اسی طرح سکولوں اور کالجوں میں بھی گرین ایریاز مختص کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی جانب سے وفد کی سربراہ کو سونئیر دیا گیا جبکہ وفد کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔