ملتان،15جون (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں خواتین کی ترقی اورصنفی مساوات کےلئے ورکنگ پلان کی تیاری کا آغازکردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور یونا ئٹڈ نیشن وومن کے اشتراک سے صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیاربنانےکے سلسلےمیں مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔مختلف شعبوں سے وابستہ خوا تین کی بڑی تعداد نے ورکشاپ میں شرکت کی۔یونائیڈ نیشن کی نمائندہ خواتین ،جنوبی پنجاب کی وومن یونیورسٹیوں کی وائس چانسلرز اور وومن چیمبر آف کامرس کی نمائندہ خواتین ورکشاپ میں شریک ہوئیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر،فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے سربراہ ایملڈا برجیلااور جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز بھی ورکشاپ میں شریک ہوئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ورکشاپ سے اپنے خطاب میں تمام سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئےالگ ٹائلٹس تعمیرکرنےکااعلان کیااورکہا کہ آئندہ چھ ماہ کےاندرجنوبی پنجاب کے تمام سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئے الگ ٹائلٹس کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔انہوں نےکہا کہ ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے کی تعمیر میں ان کے کردار کو تسلیم کرناہوگا۔