سیالکوٹ،8جون (اے پی پی): انچارج حج آپریشن سیالکوٹ سید مجیب اکبر شاہ کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے اب تک حاجی کیمپ سیالکوٹ سے چھ مختلف فلائٹس کے ذریعے تقریباً2400 حجاج کرام حجاز مقدس روانہ ہو چکے ہیں۔
یہ بات انہوں نے قومی خبر رساں ادارے “اے پی پی “سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ حاجی کیمپ سیالکوٹ میں ون ونڈو حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔سیالکوٹ میں حجاج کرام کی سہولت کے لیے حاجی کیمپ ایئرکنڈیشنر مارکی میں قائم کیا گیا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کی خصوصی ہدایات پر حجاج کرام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،ہمارے عملے ،اسکاوٹس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ،ضلعی انتظامیہ،کمرشل بینکوں، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن،پولیس،ریسکیو1122 اور مخیرحضرات کے تعاون سے حجاج کرام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ سعودی عرب میں بھی حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کی خدمت کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں ،ہمیں سعودی عرب سے بھی حجاج کرام کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔سعودی عرب میں حجاج کرام کو بہترین رہائشیں فراہم کی گئی ہیں حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔