حج 2023؛ پاکستانی حجاج کرام کی وادی منیٰ میں آمد کا سلسلہ جاری

37

مکہ مکرمہ،26جون(اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پاکستانی حجاج کرام کی وادی منیٰ میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی حج مشن کی جانب سے عازمین حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچایا جارہا ہے جہاں عازمین حج 8 ذی الحج کا دن اور رات قیام کریں گے۔
سرکاری حج سکیم کے عازمین کیلئے منیٰ کی خیمہ بستی میں 19 مکاتب حاصل کئے گئے ہیں جہاں پہنچانے کے لیے 51 ہزار 267 عازمین حج کو مشاعر ٹرین کی سہولت بھی مہیا کی جارہی ہے جبکہ موسم کی شدت سے بچانے کیلئے بیشتر عازمین کی روانگی رات کو عمل میں لائی جارہی ہے۔
سعودی مکاتب نے 7 اور 8 ذی الحج کی درمیانی شب عازمین حج کی منیٰ روانگی کا آغاز کیا۔ حج مشن کے تحت 30 ہزار 185 عازمین حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ ، عرفات اور وادی مزدلفہ پہنچایا جائے گا جہاں وہ حج کے ارکان کی ادائیگی کا فریضہ سر انجام دیں گے جس کے بعد 9ذی الحج کو تمام عازمین کرام بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدان عرفات پہنچیں گے جہاں حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔