رحیم یار خان ،15جون (اے پی پی): نگران صوبائی وزراء برائے مواصلات و تعمیرات، ایکسائز و ٹیکسیشن بلال افضل اور صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا۔
صوبائی وزراء نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی نے وزراءکو بریفنگ دی،سیکرٹری مواصلات جنوبی پنجاب جواد اکرم ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ بھی اجلاس میں شریک ہوئے ، صوبائی وزراءنے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر نگران صوبائی کابینہ مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے، نگران حکومت صوبے کی عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، معاشی سرگرمیوں کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسانوں کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار گندم اور کپاس کی بہتر امدادی قیمت مقرر کی گئی ہے، کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے صوبائی حکومت ہنگامی اقدامات کر رہی ہے، نگران حکومت کی کوشش ہے کہ تمام منصوبے جلد مکمل ہوں تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔
نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کاکہنا تھا کہ رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کی طرف سے مفت آٹا تقسیم پروگرام میں ضلع رحیم یار خان کی مجموعی کارکردگی بہترین رہی، زیادہ کپاس اگاﺅ مہم میں حکومت پنجاب کسانوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، عوامی سروسز ڈیلیوری کے معیار میں زیادہ سے زیادہ بہتری لانے کے لئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری اور کپاس اگاﺅ مہم میں ضلع رحیم یار خان نے اپنے اہداف 95 فیصد تک حاصل کئے، مفت آٹا تقسیم پروگرام کے دوران ہزاروں اہلکاروں نے دن رات عوام کو مفت آٹا فراہم کیا، ضلع میں صحت و تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، مختلف تعمیراتی سیکٹرز میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ۔