سرگودھا،15 جون (اے پی پی ):زکوۃ فاؤنڈیشن امریکہ کی طرف سے خبیب گرلز اسکول و کالج میں یتیم بچیوں کے لیے بشیر بیگم چوہدری گرلز یتیم خانہ کی بلڈنگ کا افتتاح سی ای او برہان سیٹی محمد اسلم برہان، وائس چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن کرنل ریٹائرڈ مظہر الاسلام اور پرنسیپل خبیب گرلز اسکول و کالج میڈم ثروت انصر نے بچیوں کے ہمراہ کیا اور بلڈنگ کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں بچیوں نے مختلف موضوعات پر ٹیبلو پیش کیے اور تائیکوانڈو کی بچیوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھائے۔
سی ای او برہان سیٹی محمد اسلم برہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں میں انتہائی مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے آج کی پر وقار تقریب میں مدعو کیا، میرا کافی عرصہ فرانس میں گزرا ہے میں اپنے بچوں کی پڑھائی کے سلسلے میں ان کے اسکول میں جاتا رہتا تھا مجھے آج ان بچیوں میں وہ اعتماد دیکھنے کو ملا جو میں فرانس کے سکولوں میں دیکھتا تھا جس کا سارا سہرا پرنسپل میڈم ثروت انصر اور جملہ سٹاف کو جاتا ہے، خبیب گرلز اسکول و کالج جیسا ادارہ ہمارے پورے علاقے کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے بچیوں کی دینی تعلیم کے لئے ایک مدرسہ قائم کیا ہوا ہے جس میں تقریباً ڈیڑھ سو بچیاں دین کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، حبیب گرلز اسکول و کالج ایک یتیم بچیوں کے لیے ادارہ ہے جس کے لیے میں اور میرا ادارہ اپنی استطاعت کے مطابق ہر قسم کے تعاون کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن کرنل ریٹائرڈ مظہر الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جب یہ ادارہ قائم کیا تھا اس وقت صرف پینتیس بچیاں تھیں آج اس ادارے میں سینکڑوں کی تعداد میں بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا والوں نے خبیب گرلز سکول و کالج کو اپنا ادارہ سمجھا جس کی وجہ سے آج اس نے اتنی ترقی حاصل کر لی ہے ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ خبیب گرلز سکول و کالج کی تائیکوانڈو کی ٹیم کی دو بچیوں نے 34 ویں سالانہ نیشنل تائیکوانڈو کے مقابلہ جات میں حصہ لیا جو کہ کوئٹہ اور بلوچستان میں منعقد ہوئے تھے ایک کانسی کا تمغہ آپنے نام کرکے پورے ملک میں اپنے ادارے کا نام روشن کیا، خبیب فاؤنڈیشن کے تحت پورے ملک میں اس طرح کے کئی ادارے مخیر حضرات کے تعاون سے چل رہے ہیں۔
آخر میں پرنسپل خبیب گرلز سکول و کالج میڈم ثروت انصر نے چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن ندیم احمد خان کی طرف سے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ زکوۃ فاؤنڈیشن امریکا کی طرف سے بنائی گئی بلڈنگ میں 60 بچیاں رہ سکے گی۔
میڈم ثروت انصر نے زکوۃ فاؤنڈیشن امریکہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس بلڈنگ کو بناتے وقت بچیوں کی ہر ضرورت کا خیال رکھا اور بلڈنگ میں اچھی سے اچھی چیز کا استعمال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بلڈنگ کے اوپر ایک اور بلڈنگ بنانا چاہتے ہیں، مخیر حضرات سے اپیل ہے وہ آئیں اور ہمارے ادارے کا حصہ بنے اور ان یتیم بچیوں کی دعائیں لیں۔