سینیٹر میاں رضا ربانی کی زیر صدارت  سینیٹ کمیٹی برائے تفویض قانون سازی کا اجلاس

51

اسلام آباد،15جون  (اے پی پی):سینیٹ کمیٹی برائے تفویض قانون سازی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر میاں رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت کے منسلک محکموں کی ذیلی قانون سازی کا تجزیہ کیا گیا جس میں فیڈرل کالج آف ایجوکیشن، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور انٹر بورڈ کمیٹی شامل ہیں۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی کا موقف تھا کہ فیڈرل کالج آف ایجوکیشن اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی دستاویزات میں کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی۔ انٹر بورڈ کمیٹی کے معاملے میں کمیٹی نے موجودہ قوانین کی صورت حال کا سخت نوٹس لیا جو پچھلے ایکٹ کے تحت وضع کئے گئے تھے جسے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن ایکٹ سے تبدیل کر دیا گیا ہے جسے اپریل 2023 میں گزٹ دیا گیا ہے۔ موجودہ ایکٹ کے مطابق پہلے سے تیار کردہ قواعد پر نظرثانی کرنے اور ان کو منضبط کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور دوبارہ مسودہ تیار کرنے کے بعد اپ ڈیٹ کردہ قواعد کو ایک ماہ کے اندر کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

وزارت ہوا بازی سے منسلک محکمہ ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کی  قانون سازی کا تجزیہ کرتے ہوئے، وزارت نے کمیٹی کی طرف سے نشاندہی کی گئی متعدد بے ضابطگیوں کی توثیق کی اور اس کے مطابق قواعد کو درست کرنے اور ان میں ترمیم کرنے کو یقینی بنایا۔ مزید یہ کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی  کے متعلقہ قوانین کا تفصیل سے تجزیہ کیا گیا اور کمیٹیوں کے مشاہدے کی وزارت نے توثیق کی۔ کمیٹی کا خیال تھا کہ ایجنسی کے تادیبی کنٹرول کے بارے میں وزارت قانون و انصاف کے ساتھ مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل کو واضح کیا جا سکے۔

اجلاس میں سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر کیشو بائی، سینیٹر سید علی ظفر اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت ہوا بازی اور وزارت قانون و انصاف اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔