رحیم یارخان،22 جون (اے پی پی):سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب جواد اکرم نے کپاس کی کاشت و پیداوار کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا ہے۔
اس حوالے سےانہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین نے ضلع میں کاشت کی پیداوار ، کھاد اور پیسٹی سائیڈ کے حوالہ سے بریفنگ دی، ضلع میں 5 لاکھ 93 ہزار 409 ایکڑ پر کپاس کی کاشت مکمل کی جا چکی ہے جو سابقہ سال سے 1 لاکھ 94 ہزار ایکڑ زیادہ ہے ۔
جواد اکرم نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کپاس کے کسانوں کو سہولیات فراہمی کے لیے متحرک ہیں اور انہوں نے صوبہ بھر میں اعلیٰ افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ہر ضلع میں کسانوں سے ملاقات کر کے کپاس کی فصل اور انتظامیہ کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر ،ایکسین بلڈنگ نعمان سلمان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔