صوبائی سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر آمد

21

قصور۔ 08 جون (اے پی پی):صوبائی سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر آمد۔ڈی پی اوقصور طارق عزیز سندھو، منیجر اوقاف اظہر فریدو دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے 19کمرشل دوکانوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے کہا کہ کمرشل دوکانوں سے ایک کروڑ کا پہلے ریونیو اور ماہانہ لاکھوں روپے آمدنی ہو گی، محکمہ اوقاف درباروں کی تزئین و آرائش کیساتھ ریونیو کے حصول کیلئے کمرشل پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دربار بابا بلھے شاہ ؒکے احاطے میں لائبریری، لنگر خانہ، وضو خانہ کی تعمیر اور جنریٹر کی فراہمی جلد کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کیلئے خانقاہ کی تعمیر بھی پراجیکٹ میں شامل کر رہے ہیں اور کہا کہ تصوف کی روحانیت میں بابا بلھے شاہ ؒکا کردار ہر مذہب کے لوگ مانتے ہیں۔

 ڈی پی اوقصور طارق عزیزسندھونے کہا کہ دربار بابا بلھے شاہ ؒاوراوقاف کے املاک کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے،دربار پر سیکورٹی کے فول وپروف سخت انتظامات کئے ہوئے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بلھے شاہ ؒ کے مزار پر حاضری بھی دی۔ مزار پر چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا مانگی۔