ڈیرہ غازی خان،16 جون (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر نگران صوبائی وزرا بلال افضل اور ایس ایم تنویر نے جمعہ کے روز ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزرا کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ، ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک اور دیگر افسران نے بریفنگ دی۔
کمشنر نے کچہ آپریشن،واٹر فلٹریشن پلانٹس، کھلی کچہری، پرائس کنٹرول، مردم شُماری، کپاس و گندم کی کاشت،کسان سہولت مراکز اور دیگر سرکاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزرا ایس ایم تنویر اور بلال افضل نے ڈی جی خان نے ڈویژنل اور ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کا مستقل سد باب ضروری ہے ۔
بلال افضل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کےلئے بطور قوم کام کرنا ہوگا جس کے لیے پنجاب حکومت بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔
صوبائی وزرا نے میونسپل سروسز کی بہتری اور عوامی مسائل کے بروقت حل کےلئے مناسب احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلئے ٹیل تک وافر مقدار میں نہری پانی پہنچایا جائے، معیاری کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ زرعی ادویات کے ڈیلرز کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے۔کپاس کی کاشت کے رقبہ کی کراس چیک کےلئے سٹیلائٹ ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔
بلال افضل نے کہا کہ آسان رسائی کھلی کچہری احسن اقدام ہے ۔ چشمہ رائٹ بنک کینال کی اہمیت کا ادراک ہے لہذا اس کے متاثرہ حصوں کی بحالی کےلئے خیبرپختونخوا کی حکومت سے رابطہ کر کے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
بلال افضل نے کہا کہ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جبکہ کابینہ کمیٹی نے بھی سیکرٹری آبپاشی اور کمشنر ڈی جی خان کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ دونوں موقع پر جا کر ممکنہ خطرات کا جائزہ لیں اور بروقت حفاظتی اقدامات کریں۔
صوبائی وزرا نے کہا کہ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی طرف سے آسان رسائی کھلی کچہری احسن اقدام ہےکمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ممکنہ سیلاب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان کو ہر سال دو طرح کے سیلاب کا خدشہ رہتا ہے یعنی دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ رود کوہیوں میں بھی اچانک سیلاب آجاتا ہے جو انتظامیہ کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔