راولپنڈی۔19جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار نے تحصیل کلرسیداں کا دورہ کیا۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں کلر سیداں کی نمبرداروں کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ حسن وقار چیمہ نے نمبرداروں سے حلف لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نمبرداری سسٹم کو فعال بنانے کا مقصد ریونیو سسٹم کو مزید بہتر بنانا ہے، نمبر داری سسٹم کا مقصد خاندانی زمین کی غلط تقسیم، رجسٹری میں بطور گواہ اور سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کی نشاندہی، غلط انتقالات کی روک تھام کرنا ہے۔نمبردار ی سسٹم کی بحالی سے محلہ داری، گاؤں اور علاقی سطح پر چھوٹے چھوٹے معاملات کو نمٹانے کے لئے معاون ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریونیو کے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں،لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں،عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا تحصیل کلرسیداں ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ، لیبارٹری، مرد اور خواتین وارڈ سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج کے حوالے سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیااو ر ہدایت دی کہ مریضوں کے علاج ومعالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔