قصور؛،5 کروڑ روپے سے زائدمالیت کا مال مسروقہ برآمد ،دوملزمان گرفتار

15

قصور،23جون(اے پی پی): پولیس نے کاروائی کے دوران  5 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا اور  دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان پولیس نے اے پی پی سے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی شاندار کارکردگی کے باعث تاریخ کی سب سے بڑی ساڑھے پانچ کروڑ مالیت کی واردات کا سراغ لیا گیا۔تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ سے چند ماہ قبل بند فیکٹری سے ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی،ملزمان فیکٹری سے مختلف سپیئر پارٹس اور مشینری مالیت ساڑھے 5 کروڑ روپے چھین کر فرار ہو ئے،ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر یاسر علی ایس ایچ او پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی،پولیس ٹیم نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے فیکٹریوں سے قیمتی پارٹس چرانے والے گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔

 گرفتار ملزمان مظہر، شہزاد وغیرہ نے بین الصوبائی ڈکیت گینگ تشکیل دے رکھا تھا،گینگ کے بقایا چار ارکان کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے جن کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم کام کر رہی ہے ،گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش درجن کے قریب فیکٹریوں سے مشینری اور سپیئر پارٹس چوری کرنے کا انکشاف کیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے سب انسپکٹر یاسر علی اور دیگر پولیس ٹیم کو شاباش دی جبکہ تعریفی اسناد اور نقد انعام کیلئے سفارش اعلیٰ افسران کو بھیجی جا رہی ہے ۔