لاہور؛ صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامع پلان طلب کر لیا

16

لاہور،19جون ( اے پی پی ):صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔

نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر کی زیر صدارت نیو منسٹر بلاک میں اجلاس منعقدہوا جس میں محکمہ فشریزکے تنظیمی ڈھانچے، اموراور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مچھلی کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے فش فارمرز کو سود مند تکنیکی خدمات فراہم کی جائیں اور فش پروڈکشن کے حوالے سے پھر پور آگاہی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ڈیجیٹائزیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

صوبائی وزیر ایکسائز بلال افضل نے کہا کہ فش کی برآمد بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ڈی جی فشریز نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ گزشتہ5 سالوں میں 12ہزار ایکڑ پر فش فارمنگ بڑھائی گئی ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ فشریزآؤٹ لٹ بنائے گا اور پرائیویٹ سیکٹر اسے چلائے گا اور سال بھر آؤٹ لٹ پر مچھلی دستیاب ہوگی۔