لاہور،24 جون (اے پی پی):نگران وزیرِ بلدیات پنجاب عامر میر نے مویشی منڈی لکھو ڈیر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دورے کے دوران لمپی سکن وائرس سے متاثرہ جانوروں کی منڈی میں موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر موجود اسسٹنٹ کمشنر شالامار کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز خود منڈیوں میں جا کر تمام اقدامات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
عامر میر نے اے سی شالامار کی باز پرس کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عدم توجہی کے باعث ایسے جانور منڈیوں تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے موقع پر موجود محکمہ لائیو اسٹاک کے ویٹرنری ڈاکٹر اور ویٹرنری اسسٹنٹ کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیر بلدیات نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لمپی سکن سے متاثرہ جانوروں کی منڈی میں موجودگی کے حوالے سے انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت کی کہ لمپی سکن سے متاثرہ جانوروں کی سکریننگ کر کے منڈیوں سے باہر نکالنے کے بعد رپورٹ پیش کی جائے۔ انکا کہنا تھا کہ لمپی سکن سے متاثر جانور پوری مویشی منڈی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
لائٹنگ سے متعلق عوامی شکایات پر وزیر بلدیات عامر میر نے بیوپاریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مویشی منڈیوں میں لائٹنگ کا دورانیہ رات ایک بجے تک بڑھا دیا گیا ہے اور عید سے دو دن قبل سے تمام مویشی منڈیوں میں چوبیس گھنٹے بلا تعطل لائٹنگ فراہم کی جائے گی۔
نگران وزیر بلدیات نے مویشی منڈیوں میں پانی کے حوضوں کے اطراف میں ریت یا بجری ڈال کر کیچڑ ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ہمہ وقت مستعد رہیں اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔