محمد عباس بلوچ نے ٹنڈوآدم کے سرکاری اسکولوں سمیت مختلف سرکاری اداروں کے اچانک دورے کیے

13

ٹنڈوآدم ، 8 جون (اے پی پی):  ڈویژنل کمشنر شہید بینظیر آباد محمد عباس بلوچ مختلف سرکاری محکموں کے جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اچانک دورے پر ٹنڈو آدم پہنچے۔  کمشنر کے اچانک دورے کی خبر سن کر مختلف شعبہ جات کے افسران حیران رہ گئے اور تعلقہ اسپتال سمیت مختلف شعبہ جات میں غیر حاضر عملہ بھی ہنگامی بنیادوں پر اپنی ڈیوٹی پر پہنچ گیا۔  ڈویژنل کمشنر نے پہلے سرکاری سکول ٹنڈوآدم کا دورہ کیا جو گزشتہ 15 سالوں سے انتظامیہ اور تدریسی لحاظ سے فعال نہیں تھا جس کے بعد کمشنر نے ٹنڈو آدم میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔  اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سکول ٹنڈوآدم کی عمارت انتہائی خوبصورتی سے تعمیر کی گئی ہے جس میں جلد از جلد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تدریسی عمل شروع کر دیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر پی پی ایچ آئی کے حوالے کر دیا جائے گا۔  سٹاف ادویات کی کمی مریضوں کو ایمبولینس فراہم نہ کرنے اور ٹراما  سنٹر کے متعلق سوال پر کمشنر نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ ہسپتال کے حوالے سے ان گنت شکایات ہیں جن کے حل کے لئے میں نے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم سے رپورٹ لی ہے جلد ہی تمام مسائل حل کئے جائیں گے. اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کو  ہدایات دیں کہ وہ  تعلقہ ہسپتال کے بارے میں فوری طور پر جامع رپورٹ تیار کر کے انہیں جلد از جلد پیش کریں تاکہ ان مسائل کو حل کیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، اگر ایم ایس تعلقہ ہسپتال ٹھیک کام نہیں کر رہا تو اسے ہٹا کر کسی اور کو تعینات کریں اور اگر ضرورت پڑی تو تعلقہ ہسپتال کا انتظام کسی اور کے حوالے کر دیا جائے گا۔  شہر میں سڑکوں اور گلیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور آئل اینڈ گیس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے ان کی مرمت کا کام جاری ہے اور باقی سڑکیں بھی جلد تعمیر کر دی جائیں گی۔  ڈویژنل کمشنر سے ٹنڈو آدم شہر میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈنگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ حیسکو اور دیگر متعلقہ حکام سے بات چیت کرکے  فوری طور شہریوں کو اس عذاب سے  نجات دلائی جائے گی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی پارس ڈیرو، رکن سندھ اسمبلی فراز ڈیرو، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔