ملتان؛بستی ملوک تا تحصیل شجاع آباد روڈ 6 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل

18

ملتان، 04 جون(اے پی پی):ملتان ڈویژن میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے، محکمہ ہائر ویز نے بستی ملوک تا تحصیل شجاع آباد روڈ 6 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرلی ہے۔

اس بارے بات کرتے ہوئے ایکسین ہائی ویز غلام نبی نے بتایا کہ محکمہ ہائی ویز نے ڈیڑھ سال کی سکیم 6 ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کرلی،سکیم میں شفافیت اور تعمیر کے معیار کو یقینی بنا کر مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرکے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بھی بچایا گیا ہے۔17 کلومیٹر طویل،20 فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر و بحالی پر 30 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

 غلام نبی نے کہا کہ کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے سڑکوں،انفراسٹرکچر کی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور وہ خود تمام سکیموں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ کمشنر آفس کی جانب سے سکیموں کی تکمیل کیلئے مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہےحکومت پنجاب کی جانب سے عوامی فلاح کو مدنظر رکھ کر سکیموں کی فنڈنگ کی گئی ہے۔