ملتان؛نسل نو ملازمتوں کا انتظار کرنے کی بجائے کاروبار کی طرف آنا چاہیے، ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار

11

 

ملتان، یکم جون(اے پی پی ): ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار نے کہا  ہے کہ  ہمارا شمار ان خوش قسمت ممالک میں ہوتا ہے جن کی غالب آبادی نوجوانان پر مشتمل ہے، انکو فن سے آراستہ کرکے ہم ترقی یافتہ ریاست بن سکتے ہیں، خودروزگار کا حصول فنی تعلیم سے ممکن ہے،نسل نو ملازمتوں کا انتظار کرنے کی بجائے کاروبار کی طرف آنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار نے سکلز سمر کیمپ کلاسز کے افتتاحی تقریب کے موقع پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ملتان میں کیا۔

 ڈپٹی سیکرٹری کامرس ابو بکر زبیر نے طلباء وطالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات میں ہنر سیکھنا آپ کی اہلیت اور دلچسپی کو نمایاں کرتا ہے۔ ڈی پی آئی کالجز ساوتھ پنجاب  ڈاکٹر فرید شریف نے کہا جب تک نوجوان خود کو کسی سکل سے آراستہ  نہیں کریں گے روزگار سے محروم رہیں گے۔

 ریجنل ڈائریکٹر ساوتھ انجنیئر قاضی محمد اسد خان نے کہا کہ زرمبادلہ کمانے میں بڑا حصہ کالجز آف ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل طلباء وطالبات کا ہے۔ ڈی ای او سیکنڈری میڈیم شمیم اختر نے کہا کہ  بیروزگاری کے قحط الرجال میں پڑھا لکھا ہنر مند نہیں ملتا۔انجنیئر محمد اسلام پرنسپل کالج آف ٹیکنالوجی ملتان نے کہا کہ شارٹ کورسز کے طلباء وطالبات ہر سہولت فراہم کریں گے ۔

 تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر خالد محمود فیصل نے انجام دیئے، راؤ رفیق جاوید ڈی او ایلیمنڑی، انجنیئر راؤ عابد قمر، فاروق ڈوگر، انجنیئر مدثر رشید، شفقت رسول چوہدری، انجنیئر بشیر احمد، انجنیئر رانا اطہر، چوہدری اسلم حنیف، محمد طارق جمیل عابد رمضان، انجنیئر محمد سعید کمبوہ،محمد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شریف شرجیل، شیخ مقبول، محمد اعظم چوہدری جاوید کے علاوہ دیگر اساتذہ کرام اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ سیکنڈری سکولز سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات کے لیے تین ماہ کے شارٹ کورسز کا اجراء ٹیوٹا انسٹیٹیوٹ میں بغیر فیس  کیا جارہاہے، تاکہ موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کو فنی مہارت سے  آراستہ کیا جائے۔

سکل سمر کیمپ کے عنوان سے یہ پروگرام وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شروع کیا جارہا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کے علاوہ سکول، کالجز کےڈویژنل آفیسروں کی معاونت شامل ہوگی۔ پروگرام کے تحت1500 بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔ ڈومیسٹک الیکڑیشن، کمپوٹر اپلیکیشن اور پلمبر کورسز کے تمام اخراجات ٹیوٹا ادا کرے گی۔