ملتان27،جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر کی صفائی اور ماحول کو پاک رکھنے کیلئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو خصوصی ٹاسک دیا ہے، اس سلسلے میں شہر میں 2 ہزار سے زائد ورکرز گلی محلوں سے آلائشیں اٹھاکر شہر سے منتقل کرینگے،قربانی کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے کیلئے خصوصی شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں شہری 24 گھنٹے رابطہ کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ٹی ہاؤس میں عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ صرف منظور شدہ اداروں کو ہی قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ آلائشوں کو شاہراؤں پر پھینکنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا،شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے میگا صفائی آپریشن کرینگے، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے آلائشوں کو شہر سے منتقل کرنے اور ٹھکانے لگانے کیلئے موثر حکمت عملی ترتیب دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ماضی کی نسبت مشینری اور عملہ میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ موثر انداز میں شہر کو صاف کیا جاسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ عید ایام پر روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسفر سٹیشنوں پر اکھٹا ہونیوالا کوڑا کرکٹ اور آلائشیں شہر سے باہر لینڈ فل سائٹس پر منتقل کی جائیں گی تاکہ تعفن سے بچا جاسکے۔
عمر جہانگیر نے کہا کہ ہر گھر تک آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے ویسٹ بیگز تقسیم کرینگے جبکہ گنجان آباد علاقوں میں شکایات کے ازالے کیلئے آگاہی کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔
قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہا کہ کمپنی کا تمام عملہ عید ایام میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی آپریشن کرے گا جبکہ لینڈ فل سائٹس پر آلائشوں کیلئے خندقوں کی کھدائی مکمل کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 17 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ آلائشوں کو باہر پھینکنے کے بجائے مختص کردہ مقامات پر ویسٹ بیگز میں ڈال کر رکھیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب بھی ہمراہ تھے۔