ملتان،9جون (اے پی پی):کمشنر انجینئر عامر کی زیر صدارت ممکنہ سیلاب کے سلسلے میں ضلعی اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر کو دریائی صورتحال اورحفاظتی اقدا مات کےحوالےسےتفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں کمشنرکوبتایا گیا کہ سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم انتظامیہ الرٹ ہے،ضلعی انتظامیہ سیلاب اورمون سون کےسلسلے میں مکمل تیار ہے۔
کمشنر خٹک نے کہا ہے کہ دریائی صورتحال معمول پر ہونے کے باوجود ایمرجنسی پلان تیار ہےجبکہ انہوں نے ہدایت کی کہ دریائی علاقوں سے نقل مکانی اور مشینری کی دستیابی کا پلان تیار رکھیں۔
کمشنرنے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامات مکمل کرنے اورڈپٹی کمشنرز،محکمہ آبپاشی کوحفاظتی بندوں کی بھرپورانسپکشن اورتجاوزات آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ سانپ کے کاٹنے کی ویکسین ،مویشیوں کے چارے کاوافرسٹاک رکھنے اور ریسکیو سمیت ایمرجنسی ادارے موک ایکسائیز جاری رکھیں۔شدید بارشوں کے پیش نظر واسا ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل فعال رکھا جائے۔سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر اور آگاہ کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کئے جائیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر، سرفرازاحمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنعمان افضل، ڈپٹی کمشنرز ودیگرافسران شریک تھے ۔











