ملتان: حکومت پنجاب کی ہدائیت پر واسا میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا

16

ملتان، 15 جون ( اےپی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر واسا میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر ڈینگی سے بچاؤ اور انسداد ڈینگی کی احتیاطی تدابیر بارے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک کی قیادت منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی واک کا مقصد عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ ڈینگی خطرناک ضرور ہے مگر احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس سے بچا جا سکتا ہے اس لیے شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور ڈینگی سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق اس دن کو منانے کے لیے اداروں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ دفاتر کے کمروں، واش رومز، چھتوں اور دیگر جگہوں پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب کا سسٹم درست رکھنے اور گملوں وغیرہ میں پانی کی موجودگی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے اس دوران تمام ڈائریکٹرز ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشنز  اور خصوصاً واٹر سپلائی ڈویژن کو اپنی اپنی تنصیبات پر انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا حکم دیا اور ہیڈ آفس سمیت تمام ذیلی دفاتر میں صفائی اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی آگاہی واک میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ جواد کلیم اللہ ،ڈائریکٹر ایڈمن و انجینئرنگ عبدالسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر ریکوری عبد المجید سمیت دیگر افسران و ملازمین بڑی تعداد نے شرکت کی۔