موجودہ صوبائی کابینہ عام آدمی کی بہتری کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، ابراہیم حسن مراد

15

گوجرانوالہ05 جون(اے پی پی ): نگران  صو بائی وزیر  بلد یات او ر کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی کابینہ  خدمت خلق کے جذبے سے سرشار  رضا کارانہ طورپر عام آدمی کی بہتری اور اس کو در پیش مسائل کے دیر پا حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ا ن کی اپنے محکمہ کے افسران اور اہل کاروں کو واضح ہدایات ہیں کہ دفاتر میں آنے والوں کو مکمل عزت و تکریم دیتے ہو ئے ہر ممکن ریلیف کی فراہمی اور مسائل کا بلا تاخیر حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی  اور پختہ عزم کے ساتھ موجودہ دستیاب وسائل کو عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے  برو ئے کار لا کر بھی خاطر خواہ بہتری لائی جا سکتی ہے اور حکومت پنجاب کی ترجیح ہے کہ گڈ گورننس اور وسائل کے ایمانداری  سے استعمال کے ذریعے نگران حکومت کے طورپر اپنی مختصر مدت میں ایسے دور رس اور دیر پا اقدامات کئے جائیں  جن کے نتیجہ میں دیرینہ عوامی مسائل اور شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

 انہوں نے ان خیالات کا ا ظہار ڈپٹی کمشنر آفس گوجرانوالہ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ کمشنر  نوید حیدر شیرازی‘ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل‘ سی ای او جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ‘ ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ قمر ذیشان‘ سی او جی ایم سی حیدر چٹھہ‘ سی او ضلع کونسل فدا میر اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شر کت کی۔

صو بائی وزیر نے کہاکہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے وژن کے تحت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کا مقصد محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لے کر عوامی  خدمت اور بہتری کے لئے جاری اقدامات میں مزید تیزی  لانا ہے۔  انہوں نے کہا کہ میونسپل سروسز کی فراہمی میں بہتری سے بیشتر شہری مسائل حل ہو سکتے ہیں اور  تمام ادارے  اپنی کارکردگی کے حوالہ سے حکومت اور عوام کو جوابدہ ہیں۔صوبائی وز یر نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر محکموں کی ذمہ داری ہے کہ مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس میں صفائی  ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو برقت ٹھکانے لگانے کے لئے اپنے تمام وسائل اور خصوصی اقداما ت کو یقینی  بنا یا جائے۔