مکہ مکرمہ ؛مکہ سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ ینگ سٹار کرکٹ کلب جدہ کے نام

25

مکہ مکرمہ ،16 جون(اے پی پی ):سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں کھیلے جانے والے مکہ سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیت کر ینگ سٹار کرکٹ کلب جدہ نے اعزاز اپنے نام کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں منعقدہ مکہ سپر لیگ کا فائنل میچ ریاض سٹار کرکٹ کلب جدہ اور ینگ سٹار کرکٹ کلب جدہ کے درمیان کھیلا گیا جوکہ ینگ سٹار کرکٹ کلب جدہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد8 وکٹوں سے جیت کر اعزاز اپنے نام کر لیا ، فائنل میچ میں ینگ سٹار کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ریاض سٹار کرکٹ کلب کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

دوران میچ ینگ سٹار کرکٹ کلب کے باﺅلرز کی عمدہ باولنگ کے سامنے ریاض سٹار کرکٹ کلب کے بلے باز بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے ، مقررہ8 اوورز میں 81 رنز بنائے جواب میں ینگ سٹار کے بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش سٹروکس کھیل کر 2 وکٹوں کے نقصان پر دیا گیا ٹارگٹ5 اوورز میں ہی پوراکرکے فائنل میچ جیت لیا ۔

کرکٹ لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فائنل میچ کے مہمان خصوصی عدنان احمدالز نبقی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے نوجوانوں کوصحت مندانہ جسمانی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پوری پاکستانی کمیونٹی کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے انکو مہمان خصوصی کا شرف عطا کیا ، اب سعودی عوام اور نوجوان بھی کرکٹ میچ پسند کرتے ہیں اور انشااللہ جلد انٹرنیشنل کرکٹ میچ وٹورنامنٹ سعودی عرب میں بھی کھیلے جائیں گے ۔

آخرمیں مہمانان خصوصی نے فاتح ٹیم کو مبارک باد دی۔ مکہ سپر لیگ کے مہمانان خصوصی عدنان احمدالز نبقی،خدیجہ ملک صدر مسلم لیگ خواتین ونگ جدہ ،آصف محمود ، محمد عظیم ، محمد عارف اور قمر جاوید نے فاتح اور رنر اپ ٹیم میں انعامات تقسیم کیے جس میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10000 سعودی ریال نقداوررنر اپ ٹیم کو بمع ٹرافی5000 سعودی ریال محمد یامین جٹ ( چیئرمین مکہ سپر لیگ ) کی طرف سے دیا گیا۔