وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک کی سیویل، اسپین میں منعقدہ اعلیٰ سطحی پینل نشست میں شرکت

14

اسلام آباد: 1 جولائی)اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے سیویل، اسپین میں منعقدہ اعلیٰ سطحی پینل نشست میں شرکت کی جس کا موضوع تھا: “بینک ایبل پاکستان: اثر انگیز سرمایہ کاری اور معاشی تبدیلی کے لیے سبز مالیاتی حل”۔

اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی شذرہ منصب علی خان بھی موجود تھیں۔

پینل نشست کے دوران پاکستان میں سبز منصوبوں کے فروغ، مالیاتی اثرات، اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر غور کیا کہ سبز مالیاتی حل کس طرح معیشت کی پائیدار ترقی اور موسمیاتی مطابقت میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنی گفتگو میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالیاتی اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سبز مالیاتی نظام نہ صرف ماحولیاتی تحفظ بلکہ قومی اقتصادی ترقی کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اور موسمیاتی ہم آہنگ سرمایہ کاری کو فروغ دے کر پاکستان ایک زیادہ مضبوط، تابناک اور ماحولیاتی طور پر محفوظ مستقبل کی جانب بڑھ سکتا ہے۔