اسلام آباد،15جون (اے پی پی):نجکاری کمیشن نے کمیشن کے مالی سال 2023-24 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی ہے۔جمعرات کو نجکاری کمیشن کا بورڈ اجلاس عابد حسین بھیو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری، بورڈ کے اراکین، اور وزارت/کمیشن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر بورڈ میں کئی اہم موضوعات پر غور کیا گیا جس میں مالی سال 2013-2014 کے لیے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی پیشکش اور بعد میں منظوری شامل تھی۔ بورڈ نے آڈٹ کمیٹی اور پی سی مینجمنٹ کی طرف سے آڈٹ شدہ کھاتوں کو حتمی شکل دینے پر غورو خوض کیا گیا ۔ بورڈ نے بقیہ سالوں کی آڈٹ شدہ رپورٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس کے علاوہ، بورڈ نے نجکاری کمیشن کے مالی سال 2023-24 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی، جس کا تخمینہ 1248.8 ملین ہے۔
اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (پی ای سی او ) کی نجکاری کے عمل کی موجودہ صورتحال پر ایک جامع پیشکش بھی شامل تھی۔مزید برآں، بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ ( ایچ بی ایف سی ) سے متعلق ٹرانزیکشن کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ سفارشات کے لیے اپنی منظوری دی جو نجکاری کے عمل میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔
بورڈ نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کے تنظیمی انتظامات کی بھی توثیق کی ،کمیشن وفاقی حکومت کو باریک بینی سے تحقیق شدہ پالیسی تجاویز پیش کرے گا، جس کا مقصد پرائیویٹائزیشن کمیشن آرڈیننس میں بیان کردہ افعال کے مطابق، سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا ہے۔