نوشہرہ ورکاں،11جون( اے پی پی ):ایڈیشنل سیشن جج محمد اشرف گوندل کی عدالت نے ملزم عثمان کو 12 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ملزم نے موضع چندھڑ میں مدعیہ مقدمہ کی سات سالہ بیٹی سے دست درازی کی کوشش کی تھی جس کا مقدمہ تھانہ کوٹ لدھا میں درج ہوا تھا جس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔
اہل علاقہ نے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نوشہرہ ورکاں کی عدالت کے فیصلہ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے حق اور سچ کے فیصلوں سے جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتوں کو ایسے ہی انصاف پر مبنی فیصلے دیتے رہنا چائیے ، اس لیے کہ معاشرے کی بقا کے لیے عدلیہ کا بغیر کسی دباو اور عدل وانصاف پر مبنی فیصلے دینا ضروری ہے۔
اس فیصلے کے حوالے سے مدعیہ کے وکیل میاں صابر شکو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر تھانوں میں میرٹ پہ تفتیش ہو تو عدالتوں میں ملزموں کو قرار واقعی سزا ملتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے عدل و انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔