نوشہرہ ورکاں؛قربانی کے جانوروں کی منڈی، شرقی غلہ منڈی میں قائم

46

نوشہرہ ورکاں، 23 جون( اے پی پی):پنجاب بھر کی طرح تحصیل نوشہرہ ورکاں سٹی میں قربانی کے جانوروں کی منڈی کا قیام شرقی غلہ منڈی میں عمل لایا گیا ہے۔ میونسپل کمیٹی میں فوکل پرسن انتصار حسین اور رضوان علی انتظامی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر نے شرقی غلہ منڈی میں قائم بکرا منڈی  میں  کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور ٹھیکیدار کی جانب سے  بکرا منڈی کی حدود

میں سائے کے لیے شامیانے، بجلی اور پنکھوں کی سہولت، جانوروں کے لیے چارے کے سٹال لگوانے اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے لیے عملہ مامور کرنے،پینے کے لیے صاف اور ٹھنڈا پانی،بجلی کی عدم دستیابی کی صورت جنریٹر کی سروس، محکمہ صحت کی جانب سے  ایمرجینسی کاؤنٹر اور ملازم پوائنٹ کرنے کے علاوہ  جانوروں کو مفت ویکسینیشن کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ، ریسکیو 1122 کی سروس اور پولیس کی سکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ہدایات کے مطابق بکرا منڈی کو کچھ دنوں کے لیے چلانے کے لیے چھوٹے جانور کی فیس 100 روپے اور بڑے جانور کی فیس 500 مقرر کی گئی ہے  فروخت کنندہ اگر چھوٹے دس جانور قائم کی گئی  بکرا منڈی کی حدود میں کھڑے کرتا ہے تو ایک ہزار کی رسید لیکر آئندہ عید کے دنوں تک رسید محفوظ رکھتے ہوئے مزید کوئی فیس ادا نہیں کریگاجبکہ خرید کنندہ پر فی کس جانور ایک سو روپیے فیس لاگو ہو گی۔ایسا ہی عمل بڑے جانور کے بکرا منڈی لے جانے اور خریدار پر لاگو ہو گا۔

 اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے واضع کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے لیے قائم  بکرا منڈی میں شفافیت کا ماحول بناکر رکھا جائے۔