نویں جماعت کے امتحان سے پہلے ہر بچے کی تھیلیسیمیاء سمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے سکریننگ کی جائے گی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

24

لاہور۔08 جون ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری آغا نبیل، محکمہ قانون سے برسٹر مدثر اسحاق، محمد نادر، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرحمان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر، ڈاکٹر حسین جعفری، ڈاکٹر یاسمین احسان، ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر انور جنجوعہ، پروفیسر ڈاکٹر فائزہ بشیر، پروفیسر شبنم مجید، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ٹیپو، چیئرمین لاہور بورڈ محمد حبیب ودیگر افسران نے شرکت کی۔نگران وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے اجلاس کے دوران پنجاب کے تعلیمی اداروں میں نویں جماعت کے طلباء و طالبات کی بلڈ سکریننگ کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری آغا نبیل نے اس حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں موجودہ اور اگلی نسلوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے سکول ہیلتھ سکریننگ کا منصوبہ تاریخی ثابت ہوگا،سکول ہیلتھ سکریننگ پروگرام انشاءاللہ گیم چینجر ثابت ہو گا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنے وسیع پیمانے پر بچوں کی سکریننگ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے سکول ہیلتھ سکریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نویں جماعت کے امتحان سے پہلے ہر بچے کی تھیلیسیمیاء سمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے سکریننگ کی جائے گی۔محکمہ قانون کی جانب سے تجویز کردہ قانون سازی کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ بچوں کی ہیلتھ سکریننگ میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا اہم کردار ہوگاسٹیئرنگ کمیٹی میں اس حوالہ سے تمام تیکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر کہا کہبچوں کی ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن تمام لیبارٹریز کا آڈٹ کرے گا۔تھیلیسیمیاء جیسی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے والے مریضوں کے گھر والے روزانہ انتہائی تکلیف سے گزرتے ہیں۔والدین سکول ہیلتھ سکریننگ پروگرام کے ذریعے اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔