نو  اوردس  مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جا سکتی  ، وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

13

اسلام آباد،22جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ   9 اور 10  مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جا سکتی  پی ٹی ائی کے وہ ورکرز جن کی ذہن سازی کی گئی اور  ورغلائے گئے مجھے ان کی فکر ہے ۔

ان خیالات  کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا عام آدمی نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں اس لئے کر رہا ہے کہ  وہ سمجھتا ہے کہ نواز شریف ہی 2017کا پاکستان بحال کر سکتا ہے ۔ 2018 میں مجھے نہیں پاکستان کو ہرایا گیا ۔ نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا ، دفاع نا قابل تسخیر بنایا ۔ ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی،  ملک کو سی پیک دیا  اور اس وقت مہنگائی کی شرح 4 فیصد تھی اب 37 فیصد ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف انتخابی مہم کے لئے نہیں ایک تحریک کے لئے آرہا ہے ۔ نواز شریف کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج کوئی غیر آئینی کام ہوتا  ہے  تو ملک بھر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو جاتی ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی تعیناتی کے اعلان سے ملک سے غیر یقینی کیفیت کا خاتمہ ہوگا ۔ میرٹ پر فیصلوں سے ہی عدلیہ کا وقار بحال ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید ہے کہ نواز شریف کے آنے سے 2017 کا پاکستان بحال ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے نوجوانوں کو ورغلایا  انہیں چاہیئے کہ وہ خود نئی نسل کوحقیقت سے آگاہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے وقت کے قاضی ملک کی بہتری کے لئے فیصلے کریں ۔