نگران صوبائی وزراء بلال افضل اور ایس ایم تنویر کا ضلع راجن پور کا دورہ

18

راجن پور،15 جون(اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات، ایکسائز و ٹیکسیشن بلال افضل اور صوبائی وزیر  صنعت و تجارت ایس ایم تنویر  نے  ضلع راجن پور کا دورہ کیا۔ راجن پور  پہنچنے پر  ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر منصور احمد خان بلوچ نے انکا  استقبال کیا اس دوران انہوں نے صوبائی وزراءکو بلوچی پگڑی اوراجرک بھی پہنائی۔

نگران صوبائی وزراء برائے مواصلات و تعمیرات، ایکسائز و ٹیکسیشن بلال افضل اور صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔صوبائی وزیر بلال افضل نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے راجن پور میں کپاس کی ریکارڈ کاشت ہوئی ہے،حکومت اور کسانوں کے درمیان فاصلہ ختم کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ایس ایم تنویرنے کہا کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ڈی سی راجن پور ڈاکٹر منصور احمد خان بلوچ نے کہا کہ گندم کی ضلع راجن پور میں اچھی پیداوار ہوئی ہے اور ٹارگٹ کو پورا کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد صفات اللہ،اسسٹنٹ کمشنر راجنپور محمد عامر کے علاوہ دیگر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔