لاہور،10جون(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج مین بلیوارڈ گلبرگ کو والٹن سے لنک کرنے کے پراجیکٹ، گلشن راوی ٹی جنکشن و بند روڈ کے توسیعی منصوبے، ملٹی لیول گریڈ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ اورلیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیااور جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا- نگران وزیر اعلی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبو ں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں – نگران وزیر اعلی نے مین بلیوارڈ گلبرگ کو والٹن سے لنک کرنے کے پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے گلبرگ مین بلیوارڈ سے والٹن تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر سٹرک کو زیادہ سے زیادہ کشادہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کے لئے یہ منصوبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔اس سڑک کی تعمیر سے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ آسانی ہوگی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے تمام اہم امور کو جلد طے کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریلوے کراسنگ پر فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا۔ فلائی اوور پراجیکٹ کی لین بڑھانے کی تجویزکا جائزہ لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی-بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گلشن راوی و بند روڈپہنچے اور ٹی جنکشن و بند روڈ کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا- نگران وزیر اعلی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے منصوبے پر عملدرآمد اور سڑکوں کی کشادگی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے سے اس منصوبے کا ازسر نو پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کا از سر نو ٹیکنیکل جائزہ لیا جائے اور رنگ روڈ کی ٹریفک کے بلاتعطل بہاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے پراجیکٹ میں ضروری ترامیم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان روڈ، سمن آباد اور دیگر ملحقہ آبادیوں سے آنے والی ٹریفک کیلئے سگنل فری راستے کشادہ ہونے چاہئیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملٹی لیول گریڈ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیااورشاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیو ں کا جائزہ لیا-نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی-نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی اور پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کی ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔پراجیکٹ کی جلد تکمیل سے لاہور شہر میں آنے اور جانے والے شہریوں کو آسانی ہوگی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیاں پورے عروج پر ہیں۔بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیااورمختلف شعبوں اور بیسمنٹ کا معائنہ کیا اور بیسمنٹ سے پانی کے نکاس کے لئے اقدامات کا جائزہ لیااور اس ایشو کے مستقل حل کی ہدایت کی- نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے دورے پر دیئے گئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا- اس موقع پر وائے ڈی اے کے وفد نے نگران وزیر اعلی محسن نقوی سے ملاقات کی-محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنل کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اوراس ضمن میں قانون سازی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لئے ڈاکٹرز کا ہڑتال کرنا درست نہیں – ہیلتھ سیکٹرمیری ترجیحات میں سب سے پہلے ہے -اس موقع پر لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر و بحالی اور نیا ٹاور بنانے کی تجاویز پر غورکیاگیاجبکہ عمارت کے بوسیدہ حصوں کی تعمیر و مرمت کے امور ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا-صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت،سیکرٹری ہاؤسنگ،کمشنر لاہور ڈویژن/ ڈی جی ایل ڈی اے، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-