لاہور،11جون(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد نے اتوار کو یہاں وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران کا خیرمقدم کیا۔سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی پرنگران وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے آنے والے افسران ہمارے مہمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائل سے اچھا سلوک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے، روایتی تعلقات کی بجائے لوگو ں سے مضبوط تعلق استوار کریں، اچھے کاموں میں نام پیدا کریں جوآپ کی پہچان بنے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اوردیگر افسران کو غیر معمولی طور پر عوام کی مدد اورخدمت کرنی چاہیے اور سائل کی مدد کے لئے غیر معمولی طریقہ کار اختیار کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہے۔