لاہور21،جون ( اے پی پی ):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد پراجیکٹ چند روز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے اسباب فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سمن آباد پراجیکٹ کو عوام کی سہولت کیلئے جلد ازجلد فنکشنل کیا جائے اور عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل کے پیش نظر شاہدرہ پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے امور اور سی بی ڈی مین بلیوارڈ پراجیکٹ پر پیشرفت،مین بلیو وارڈگلبرگ تا والٹن سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ کے تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نواز شریف انٹر چینج انڈرپاس، ارفع کریم ٹاور تا پائن ایونیو پراجیکٹ اور گھوڑا چوک، خالد بٹ چوک اور اکبر چوک منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سی اینڈڈبلیو،سیکرٹری خزانہ۔کمشنر لاہور ڈویژن /ڈی جی ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔