لاہور،19جون ( اے پی پی ):نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پیر کو یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔انہوں نے دل کے مریضوں کے لئے پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈز کا معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی ،خیریت دریافت کی اور مریضوں اور تیمارداروں سے پی آئی سی میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بائی پاس اور انجیو گرافی کی سہولت کے بارے بھی دریافت کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے پی آئی سی میں انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی فوری فراہمی کے لئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔انہوں نے ہارٹ اٹیک کے مریضوں کے لئے پرائمری انجیو گرافی کی سہولت مہیا کئے جانے کا جائزہ لیا اور پی آئی سی میں صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ رش کے باوجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف محنت سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی کمی کو دور کرنے کیلئے سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔