لاہور، 23 جون (اے پی پی ): نگران وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کی ٹرانسپورٹ ہائوس آمد، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب عثمان علی خان نے محکمے کے امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی 11 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے، پنجاب میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی،الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر 3400 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔
اس موقع پرنگران وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں جلد پیشرفت ہونی چاہیے،ماحول دوست بسوں کے منصوبے کے حوالے سے خود وزیراعلی سے بات کرونگا، محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران ماس ٹرانسپورٹ پر خود بھی سفر کیا کریں خود سفر کرنے سے شہریوں کی شکایات کا پتہ چل سکے گا۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کا میکانزم مزید فعال بنایا جائے، سرکاری گاڑیوں کی فٹنس کی بھی مانیٹرنگ ہونی چاہیے، عیدالاضحٰی پر سرکاری ٹرانسپورٹ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہائی ویز پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ کو بھی موثر بنانے کی ہدایت کی۔