وزیراعظم  شہباز شریف  کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جارجیوا  سے ملاقات

11

پیرس،22جون(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جارجیوا  سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے ۔جس دوران پاکستان اورآئی ایم ایف کے  مابین جاری پروگراموں اورتعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے 27مئی 2023کوٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے  آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکو پاکستان کی معاشی صورتحال  کے بارے میں آگاہ کیا اور معاشی ترقی اوراستحکام کےلئے حکومتی اقدامات   کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ایکسٹینڈڈفنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف ) کے تحت نویں جائزے کےلئے تمام پیشگی اقدامات مکمل کئے جاچکے ہیں اورحکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے ہونے والی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔

وزیراعظم نے اس توقع کا اظہارکیا کہ آئی ایم ایف کے ای ایف ایف کے تحت مختص  فنڈز جلد از جلد جاری کردیئے جائیں گے  اس سے  پاکستان میں معاشی استحکام اورعوام کو ریلیف  دینے کےلئے حکومت کی جاری کوششوں کو تقویت ملے گی ۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم  کوجائزہ لینے کے جاری عمل کے حوالے سے  اپنے ادارے کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔

 ملاقات  سے پاکستان اورآئی ایم ایف کے مابین  پیشرفت کے حوالے سے مفید موقع  میسرآیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان،وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات  مریم اورنگزیب،وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیراعظم  کے معاون خصوصی طارق فاطمی اورفرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخاراحمد بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ  وزیراعظم، پیرس میں ’’نیوگلوبل فائنانسنگ  پیکٹ ‘‘کے سربراہ اجلاس میں  شرکت کےلئے فرانس کے دورہ پر ہیں۔