وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، تیل دار فصلوں کا زیر کاشت رقبہ بڑھانے کیلئے بھرپورمہم چلانے کا فیصلہ

11

لاہور،24 جون (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں تیل دار فصلوں کی کاشت بڑھانے کیلئے تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹ بل کم کرنے کیلئے کینولہ، سن فلاور او ردیگر تیل دار فصلوں کا زیر کاشت رقبہ بڑھانے کیلئے بھرپورمہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

 نگراں وزیراعلی   نے صوبہ بھر میں جعلی او رملاوٹ شدہ زرعی ادویات کے خلاف مہم جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمشنرز متعلقہ ڈویژن میں جعلی پیسٹی سائیڈز کے خلاف جاری مہم کی مانیٹرنگ کریں۔ اجلاس میں گندم کے زیر کاشت رقبے کی بجائے پیداوار بڑھانے کی موثر حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ گندم،کپاس اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے زرعی مشینری پرمزید سبسڈی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ زرعی ماہرین نے پیداوار بڑھانے کے لئے ڈرل مشین کے ذریعے فصلوں کی کاشت پر زور دیا۔

 اجلاس میں صوبہ میں آئی ٹی بیسڈ کاٹن کراپ مینجمنٹ پروگرام کے آغاز کافیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیاکہ پنجاب بھر میں فارمرزکا ڈیٹا بیس اسی ماہ مکمل کرلیاجائے گااور کاٹن کمپین ایڈوائزری سروس کیلئے صوبہ بھر میں تقریبا 2ہزار انٹرنی زرعی گریجوایٹس کی خدمات لی جائیں گی اورسپارکوکی معاونت سے کپاس کی فصل کے سٹیلائٹ امیج حاصل کئے جائیں گے۔صوبہ بھر میں کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

   وزیراعلی   نے کہا کہ کاٹن کی پیداوار کاہدف ہر صورت حاصل کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو بھرپو رکاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر زرعی ترجیحات کا تعین ضروری ہے۔

 زرعی ماہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اچھی فصل کیلئے بیج کا اچھا ہونا او ردرست مقدار میں کاشت ضروری ہے۔

 ڈی جی سٹرٹیجک پراجیکٹ میجر جنرل شاہد نذیر، نگران وزیر ایس ایم تنویر، معروف بزنس مین و اپٹما کے رہنما گوہر اعجاز، فوادمختار،چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری زراعت اور ز رعی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئل سیڈ سے متعلق ماہرین ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔