کوئٹہ۔ 22جون (اے پی پی):وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم سب کا فرض بنتاہے کہ قبائلی تنازعات کو ختم کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی میر زاہد ریکی،یونس عزیز زہری،سرداد اسلم بزنجو، سردار نصر اللہ ساسولی، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ،ڈی آئی جی قلات ڈویژن پرویز عمرانی، ایس ایس پی خضدار فہد کھوسہ ودیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں میر شفیق الرحمن مینگل نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ، ہماری سیاسی تحریک ہے ، ماضی میں ہماری جائیدادوں پر قبضے کیے گئے جبکہ بازار کو امن کی جگہ بنائی جائے اور امن کیلئے بلاتفریق اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ جو بھی بھتہ خوری میں ملوث ہو ان کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے ۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔