وفاقی محتسب کا ادارہ سال 2023 میں 2لاکھ کے قریب سائلین کی داد رسی کرکے ان کے شکایات کا ازالہ کرے گا؛ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی

12

کوئٹہ،یکم جون (اے پی پی): وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ، کوئٹہ آنے کا مقصدتاجروں سمیت دیگر طبقات کے لوگوں سے ملاقاتیں کرکے ان کے جائز شکایات کا ازالہ کرنا ہے ،2023میں وفاقی محتسب کا ادارہ 2لاکھ کے قریب سائلین کی داد رسی کرکے ان کے شکایات کا ازالہ کرے گا،فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر وفاقی محکموں سے متعلق چیمبر آف کامرس کے شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ ،صدرکوئٹہ چیمبر آف کامرس حاجی عبداللہ اچکزئی ،سینئر ایڈوائزر وفاقی محتسب غلام سروربروہی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ عدالت کے حکم پر صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر جیل اصلاحات کررہے ہیں ،اس ضمن میں اپنے کوئٹہ کے دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان ،سیکرٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کی ہے جبکہ جیلوں میں نئے بیرک کے قیام ،ڈاکٹرز اور ادویات کی کمی کی فراہمی کے ساتھ قیدیوں کو مختلف ہنر سکھاکرانہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے پچھلے سال ایک لاکھ 64ہزار مختلف نوعیت کے درخواستوں پر فیصلے سنائے ،مختلف اضلاع اور ڈویژن ہیڈکواٹرزپر ہمارے نمائندے کھلی کچہری کا انعقاد کرکے شہریوں کے مسائل حل کررہے ہیں،کسٹم اور ایف بی آر سے متعلق بزنس کمیونٹی کے شکایات کا جائزہ لیکر انہیں داد رسی فراہم کرینگے ،ہم نے عوام الناس کے شکایات کو حل کرنے کے لیے محتسب کے نظام کو آسان کردیا ہے، اب کوئی بھی شہری وفاقی محکموں کے متعلق وٹس ایپ ،موبائل ایپ اورڈاک کے ذریعے اپنے شکایات درج کراسکتے ہیں۔

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ پوسٹ آفس ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مختلف محکموں کے پینشنرز کے مسائل پر وفاقی محتسب کے آفیسران نے محنت سے 30رپورٹس بناکر حکومت کو اپنی سفارشات بجھوائی ہیں ،صحافی وفاقی محتسب کے عوام دوست اقدامات کو پرنٹ والیکٹرونک میڈیا میں اجاگر کرے ۔