پاکپتن ،03 جون(اے پی پی):پنجاب پولیس پاکپتن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1 ماہ کے دوران شہریوں سے چھینا اور لوٹا گیا 4 کروڑ 56 لاکھ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا ہے۔
مال مسروقہ کی حوالگی کی تقریب ڈی پی او آفس پاکپتن میں منعقد کی گئی۔ڈی پی او پاکپتن طارق ولایت نے برآمد کیا گیا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا۔
برآمد شدہ مال مسروقہ میں 7 عدد کاریں ، 133 عدد موٹر سائیکلیں ، 23 تولہ طلائی زیورات ، 20 تولے چاندی ، 25 عدد موبائل فونز ، 4 عدد رکشے ، 1 عدد ٹریکٹر ٹرالی ، 15 راس بھینسیں ، 32 عدد سولر پلیٹیں ، 65 بوری چاول اور 95 لاکھ روپے نقدی رقم شامل ہے۔
پاکپتن پولیس نے گزشتہ ماہ میں سنگین جرائم میں ملوث 10 ڈکیت و راہزن گینگز کو گرفتار کیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او طارق ولایت نے کہا کہ پاکپتن پولیس نے 1 ماہ کے دوران ریکارڈ ریکوری کی ہے جو پاکپتن پولیس کی شب و روز محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکپتن پولیس کی یہ کارکردگی قابل داد ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف وارداتوں میں چھینا گیا مال برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کرنے پر مجھے بطور کمانڈر پاکپتن پولیس پر فخر محسوس ہو رہا ہے، انشاء اللہ پولیس آئندہ اس سے زیادہ محنت اور لگن سے کام کرے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔